ہائی وولٹیج کے باعث متعدد علاقوں میں اشیا جل گئیں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)شہر میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ، بار بار آنکھ مچولی اور اچانک ہائی وولٹیج آنے کے باعث متعدد علاقوں کے شہریوں کو لاکھوں روپے کے مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
متاثرین نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی اور نقصانات کے فوری ازالے کا مطالبہ کیا ہے ذرائع کے مطابق گزشتہ کئی روز سے سرگودھا شہر کے مختلف علاقوں، خصوصاًکوٹ فرید سب ڈویژن، سٹی سب ڈویژن، سول لائن سب ڈویژن سمیت دیگر سب ڈویژنوں کے علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ طویل بندش اور وقفے وقفے سے بجلی کی آنکھ مچولی معمول بن چکی ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی بحالی کے دوران اچانک ہائی وولٹیج کا شدید جھٹکا آیا، جس کے نتیجے میں گھروں میں نصب قیمتی برقی آلات جل کر ناکارہ ہو گئے متاثرہ شہریوں کے مطابق ہائی وولٹیج سے ایٔر کنڈیشنرز، ریفریجریٹر، ایل ای ڈی ٹی وی، پانی کی موٹریں، واٹر پمپ، پنکھے ، ٹیوب لائٹس، موبائل فونز، چارجرز، یو پی ایس اور دیگر برقی آلات متاثر ہوئے ، جس سے لاکھوں روپے کا نقصان ہوا۔ کئی گھروں میں ایک سے زیادہ آلات جل جانے کے باعث لوگ شدید پریشانی کا شکار ہیں،شدید گرمی کے موسم میں ایک طرف طویل لوڈشیڈنگ نے زندگی اجیرن بنا رکھی ہے ، جبکہ دوسری طرف ہائی وولٹیج کے باعث قیمتی سامان تباہ ہو رہا ہے ۔ ان کا مؤقف ہے کہ اگر بجلی کی ترسیل کے نظام کی بروقت نگرانی اور فالٹ دور کیے جاتے تو اس نقصان سے بچا جا سکتا تھا،جبکہ متاثرین نے الزام عائد کیا کہ متعلقہ ادارے کی غفلت اور ناقص مانیٹرنگ کے باعث شہریوں کو مالی نقصان اٹھانا پڑا۔