ویسٹ مینجمنٹ پروگرام مبینہ بے ضابطگیوں سے افادیت کھو بیٹھا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) شہر میں صفائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے حکومت پنجاب کی ہدایت پر قائم کیا گیا سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پروگرام مبینہ بے ضابطگیوں، انتظامی کمزوریوں اور گھوسٹ ملازمین کے باعث اپنی افادیت کھوتا جا رہا ہے۔
، ذرائع کے مطابق ہر ماہ لاکھوں روپے کے سرکاری فنڈز مبینہ طور پر من پسند افراد اور سیاسی وابستگی رکھنے والے عناصر میں تقسیم کیے جا رہے ہیں، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی کی صورتحال تسلی بخش نہ ہونے پر شہری بھی سراپا احتجاج ہیں،ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب نے سرگودھا میں صفائی کے دیرینہ مسائل، گندگی کے ڈھیروں کی بروقت تلفی اور ویسٹ مینجمنٹ کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی قائم کی تھی۔ اس مقصد کے لیے صفائی کے مختلف ٹھیکے دیے گئے اور سینکڑوں ملازمین بھرتی کیے گئے ان میں سے متعدد افراد مبینہ طور پر مالی طور پر مستحکم اور بڑے اثاثوں کے مالک ہیں، تاہم وہ عملی طور پر صفائی کے فرائض سرانجام نہیں دیتے ،ان افراد کی جگہ کوئی متبادل کارکن بھی کام نہیں کرتا، جبکہ ٹھیکیداروں کی جانب سے مبینہ طور پر جعلی حاضریاں لگا کر سرکاری ریکارڈ میں تمام ملازمین کو ڈیوٹی پر ظاہر کیا جاتا ہے ۔ اس طرح ہر ماہ گھوسٹ ملازمین کی تنخواہوں کی مد میں قومی خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچنے کا الزام سامنے آیا ہے۔