پیر محمد کرم شاہ الازہریؒ کا تین روزہ 28واں سالانہ عرس ختم
پیر محمد کرم شاہ الازہریؒ کا تین روزہ 28واں سالانہ عرس ختم آپ کی علمی، دینی اور روحانی خدمات ہمیشہ مشعلِ راہ رہیں گی، پیر محمد امین الحسنات
بھیرہ(نامہ نگار )علمی و روحانی شخصیت، مفسرِ قرآن ضیائالامت پیر محمد کرم شاہ الازہریؒ کا تین روزہ 28واں سالانہ عرس آستانئہ عالیہ امیرالسالکین، بھیرہ میں سجادہ نشین دربارِ عالیہ امیرالسالکین پیر محمد امین الحسنات شاہ کی اجتماعی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے پیر محمد امین الحسنات شاہ نے کہا کہ ضیائالامت پیر محمد کرم شاہ الازہریؒ نے دنیا بھر میں اسلام کا پیغام محبت، اعتدال، امن اور علم کے ساتھ عام کیا۔ آپ کی علمی، دینی اور روحانی خدمات امتِ مسلمہ کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ضیائالامتؒ اپنی زندگی کے آخری لمحے تک پاکستان کی سلامتی، استحکام اور امتِ مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کے لیے کوشاں رہے ۔
نائیجیریا سے آئے فضیلۃ الشیخ محمد ابراہیم المقری، امام جامع الوطنی، نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضیائالامت پیر محمد کرم شاہ الازہریؒ نے باکردار، باعمل اور باصلاحیت علماء کی ایسی جماعت تیار کی جن کے چہروں سے نورِ ایمان جھلکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دارالعلوم محمدیہ غوثیہ بھیرہ کا ہر فارغ التحصیل عالم آپ کی فکر، اعتدال اور محبتِ رسول ﷺ کا امین ہے ، جبکہ دیوانِ کریم پیر محمد امین الحسنات شاہ اسی عظیم مشن کو حکمت، بصیرت اور اخلاص کے ساتھ آگے بڑھا رہے ہیں۔جامعہ الازہر مصر کے فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر عبدالرحیم البیومی نے ضیائالامتؒ کو عالمِ اسلام کی عظیم علمی و روحانی شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دارالعلوم محمدیہ غوثیہ بھیرہ درحقیقت \"ازہرِ صغیر\" ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تفسیر ضیاء القرآن میں ضیائالامتؒ نے جدید سائنسی مباحث کو مضبوط تحقیقی انداز میں پیش کرتے ہوئے مادیت پرستی کے رجحانات کا مدلل جواب دیا اور لوگوں کو قرآن و سنت اور روحانیت کی طرف متوجہ کیا۔