بجٹ میں عوامی فلاح کیلئے نمایاں فنڈز رکھے گئے: ملک احمد

بجٹ میں عوامی فلاح کیلئے نمایاں فنڈز رکھے گئے: ملک احمد

بسوں میں مفت سفری سہولت فراہم کرنا حکومت کی عوام دوست پالیسی کا مظہر حکومت کی توجہ صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں ،تاجروں سے خطاب

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبے بھر میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے ، جبکہ سرگودھا سمیت تمام اضلاع کی تاجر برادری اور چیمبرز آف کامرس کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا،ملک احمد خان نے کہا کہ موجودہ صوبائی بجٹ میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے لیے نمایاں فنڈز مختص کیے گئے ہیں، جبکہ تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں اصلاحات کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں بلکہ صوبے کے تمام اضلاع میں یکساں ترقی کو یقینی بنایا جا رہا ہے ،پاک افواج اور ملکی قیادت کی مؤثر سفارتی کاوشوں کے باعث ایران اور امریکہ کے درمیان امن معاہدہ ممکن ہوا، جس سے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا اور ملک کا مثبت تشخص اجاگر ہوا،وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں \"ستھرا پنجاب\" سمیت متعدد میگا پراجیکٹس پر تیزی سے کام جاری ہے ، جبکہ شدید گرمی کے موسم میں شہریوں کو ایٔرکنڈیشنڈ بسوں میں مفت سفری سہولت فراہم کرنا حکومت کی عوام دوست پالیسی کا مظہر ہے ، چیئرمین فاؤنڈر گروپ میاں طارق یعقوب نے کہا کہ حکومت تاجروں کے لیے آسان اور شفاف ٹیکس نظام متعارف کرائے اور کاروباری برادری کو بلاسود قرضوں کی مزید سہولتیں فراہم کرے تاکہ معیشت کو مستحکم کیا جا سکے ،بعد ازاں سپیکر پنجاب اسمبلی نے چیمبر کے عہدیداران سے ملاقات کی، ان کے مسائل اور تجاویز تفصیل سے سنیں اور یقین دہانی کرائی کہ تاجر برادری کے جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر متعلقہ فورمز پر اٹھایا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں