2 کروڑ 92 لاکھ سے زائد مالِ مسروقہ برآمد، مالکان کے حوالے
فیصل آباد کو جرائم سے پاک شہر بنانے کیلئے مؤثر حکمت عملی پر عملدرآمد جاری : سی پی او
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) پولیس لائن گراؤنڈ میں پونے تین کروڑ روپے سے زائد مالیت کا برآمد شدہ مالِ مسروقہ اصل مالکان کے حوالے کرنے کے لیے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق رواں سال لائلپور ڈویژن کے مختلف تھانوں کی پولیس نے ڈکیتی، چوری، نقب زنی اور موٹر سائیکل چوری کے 390 مقدمات میں جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کرکے 2 کروڑ 92 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی ریکوری کی۔ برآمد ہونے والے مالِ مسروقہ میں 168 موٹر سائیکلیں، چوری و نقب زنی کے 202 مقدمات جبکہ ڈکیتی کے 20 مقدمات سے متعلق سامان شامل ہے ۔
تقریب کے دوران برآمد شدہ مالِ مسروقہ اصل مالکان کے حوالے کیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق قانون شکن عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں اور بہترین حکمت عملی کے باعث جرائم کی شرح میں واضح کمی آئی ہے ، جبکہ شہریوں سے چھینا اور چوری کیا گیا سامان بھی برآمد کرکے اصل مالکان تک پہنچایا جا رہا ہے ۔اس موقع پر سٹی پولیس آفیسر فیصل آباد تنویر حسین نے پولیس کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں ٹیم ورک کا نتیجہ ہیں۔
مسروقہ مال اصل مالکان کے حوالے کیے جانے پر خوشی ہے ۔ آئندہ بھی جرائم پیشہ افراد کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی ۔اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نگرانی کے کیمروں کی مسلسل مانیٹرنگ، مؤثر گشت، ایلیٹ اور ڈولفن فورس کے آپریشنز کے لیے نئی حکمت عملی کے علاوہ تھانہ، سرکل اور ٹاؤن کی سطح پر مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کا قلع قمع کرکے جرائم کی شرح میں مزید کمی لائی جا سکے اور فیصل آباد کو جرائم سے پاک شہر بنایا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments