واساکے کمرشل صارفین بڑھانے ، ریونیو اہداف پورے کرنیکا حکم
مقررہ ہدف پورا نہ کرنے والے ریونیو افسروں کو تبدیل کر دیا جائے گا:ایم ڈی
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے کمرشل صارفین کی تعداد میں اضافہ اور ریونیو ریکوری کے اہداف حاصل کرنا لازمی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مقررہ ہدف پورا نہ کرنے والے ریونیو افسران کو تبدیل کر دیا جائے گا۔ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ واسا فیصل آباد کی حدود میں کمرشل صارفین کی تعداد بہت کم ہے ، جس میں اضافہ کیا جائے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مقررہ ریونیو ریکوری ہدف پورا نہ کرنے والے افسران کی فہرست تیار کی جائے تاکہ ان کی مراعات واپس لینے کے حوالے سے کارروائی کی جا سکے ۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ تمام نجی رہائشی کالونیوں کے ڈویلپرز کو آگاہ کیا جائے کہ ہر گھر میں سیپٹک ٹینک جبکہ پارکوں میں ریچارج ویل لازمی بنایا جائے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جن کالونیوں نے واجبات کی ادائیگی کے لیے اقساط طے کر رکھی ہیں، ان سے وعدے کے مطابق اقساط وصول کی جائیں، بصورت دیگر ان کے این او سی منسوخ کر دیے جائیں۔ انہوں نے سرگودھا روڈ پر قائم صنعتی یونٹس کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ ماہانہ بلز کی وصولی اور کنکشنز کو باقاعدہ بنایا جا سکے ۔ ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ ریونیو ریکوری میں اضافہ ہی محکمہ کو مالی طور پر مستحکم کرے گا، جس سے شہریوں کو نکاسی و فراہمی آب کی معیاری سہولیات میں مزید بہتری لائی جا سکے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments