پاک چین تعلقات کے 75سال مکمل ،یونیورسٹی میں تقریبات

 پاک چین تعلقات کے 75سال مکمل ،یونیورسٹی میں تقریبات

دونوں ممالک کے عوام میں محبت اور ثقافتی تبادلے کو مزید مضبوط کیا گیا چینی قونصل جنرل مشکل حالات میں ایک دوسرے کیساتھ کھڑے رہے ، جو تعلقات کی گہرائی کا مظہر ،سن یان

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر یونیورسٹی آف سرگودھا میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاک چین دوستی، تعلیمی و ثقافتی روابط اور مشترکہ مستقبل کے امکانات کو اجاگر کیا گیا۔پاکستان انسٹیٹیوٹ آف چائنہ سٹڈیز کے زیر اہتمام منعقدہ مرکزی تقریب میں چین کے قونصل جنرل لاہور سن یان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کے ہمراہ پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کا کیک کاٹا۔ تقریب میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان، ڈائریکٹر پاکستان انسٹیٹیوٹ آف چائنہ اسٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر طاہر ممتاز اعوان، ڈینز، ڈائریکٹرز، فیکلٹی ارکان اور طلبہ نے شرکت کی۔تقریب کے موقع پر انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کے زیر اہتمام پاک چین دوستی کے موضوع پر فن پاروں کی نمائش بھی منعقد کی گئی، جس کا افتتاح چینی قونصل جنرل نے کیا۔ نمائش میں چینی ثقافت اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں دیرینہ دوستانہ تعلقات کو فن کے ذریعے اجاگر کیا گیا۔اس موقع پر ‘‘پاک چین 75 سالہ تعلقات کا سفر اور مشترکہ مستقبل: مستقبل کی پیش بندی’’ کے موضوع پر کانفرنس بھی ہوئی، جس کا آغاز پاکستان اور چین کے قومی ترانوں سے کیا گیا۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چینی قونصل جنرل سن یان نے کہا کہ پاک چین تعلقات کے 75 سالہ سفر نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبت، تعاون، بھائی چارے اور ثقافتی تبادلے کو مزید مضبوط کیا ہے ۔دونوں ممالک مشکل حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، جو ان تعلقات کی گہرائی کا مظہر ہے ۔انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان طلبہ کے تبادلوں میں اضافے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشترکہ مستقبل کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے دونوں ممالک کو مل کر کام جاری رکھنا ہوگا۔انہوں نے پاک چین دوستی کو خطے میں امن، ترقی اور باہمی اعتماد کی روشن مثال قرار دیا اور تعلیمی روابط کے فروغ کے لیے یونیورسٹی آف سرگودھا کی کاوشوں کو سراہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...