جماعت اسلامی کا مہنگائی کیخلاف کمشنر آفس کے باہر عوامی دھرنا
سرکاری وفد کے مظاہرین سے مذاکرات طویل گفت و شنید کے بعد مطالبات تسلیم
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا میں گل والا، تاجوہر کالونی اور یونین کونسل نمبر 6 کے بنیادی شہری مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی کے رہنما چوہدری اسامہ اعجاز کی قیادت میں عظیم الشان عوامی دھرنا دیا گیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے جوہر کالونی سے کمشنر آفس تک احتجاجی مارچ کرتے ہوئے کمشنر آفس کے سامنے دھرنا دیا۔ مظاہرین کے تین بڑے مطالبات میں گل والا تاجور کالونی کی ٹوٹی پھوٹی سڑک کی تعمیر، یونین کونسل نمبر 6 کی متعدد کالونیوں کی بند واٹر سپلائی کی فوری بحالی اور مختلف آبادیوں میں سیوریج کے سنگین مسئلے کا مستقل حل شامل تھا۔ بعدازاں اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا اور ایم ڈی واسا کی سربراہی میں سرکاری وفد نے دھرنے میں پہنچ کر مظاہرین سے مذاکرات کیے ، جہاں طویل گفت و شنید کے بعد تینوں مطالبات تسلیم کرلیے گئے اور تحریری معاہدے کے ساتھ کمشنر سرگودھا کی یقین دہانی پر دھرنا پرامن طور پر ختم کردیا گیا۔ دھرنے کے اختتام پر رہنماؤں نے اعلان کیا کہ اگر طے شدہ معاہدے پر مقررہ وقت کے مطابق عمل درآمد نہ ہوا تو اس سے بھی بڑا احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔ احتجاج میں جماعت اسلامی کے ضلعی امیر ڈاکٹر فضل الٰہی اعوان، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر طاہر فاروق، میاں انعام الحق، اختر رسول، چوہدری فرخ جاوید گجر، ملک ذوالقرنین، علی عبدالرحمن اور عمران حسن اعوان سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت اور خطاب کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments