سائبر جاسوسی روکیں ورنہ نتائج بھگتنے کے لیے تیار رہیں ! امریکہ کا چین کو انتباہ

سائبر جاسوسی روکیں ورنہ نتائج بھگتنے کے لیے تیار رہیں ! امریکہ کا چین کو انتباہ

کئی سائبر حملوں کا چینی حکومت اور فوج کیساتھ تعلق ثابت ہوچکا ہے ، اسے ہمارے خدشات دور کرنے ہوں گے :چک ہیگل

سنگاپور (اے پی ) امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نے چین کو انتباہ کیا ہے کہ وہ امریکہ کیخلاف سائبرجاسوسی کے واقعات کی روک تھام کرے ورنہ اسے نتائج بھگتنے پڑیں گے ۔ سنگاپور میں سکیورٹی کانفرنس کے موقع پر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے چک ہیگل نے کہا کہ کئی سائبر حملوں کا بالواسطہ یا بلاواسطہ چینی حکومت اور فوج کیساتھ تعلق ثابت ہوچکا ہے ، امریکہ چین کیساتھ اپنے فوجی تعلقات کو مضبوط کرنا چاہتا ہے اور وقت کیساتھ ساتھ ان میں بہتری آئی ہے تاہم چین کو سائبر حملوں سے متعلق ہمارے خدشات کو دور کرنا ہوگا۔ اس موقع پر چینی میڈیا کے ارکان نے تابڑ توڑ سوالات کے ذریعے امریکی وزیردفاع کو گھیر لیا اور ان سے پوچھا کہ اگر امریکہ چین سے اچھے تعلقات چاہتا ہے تو پھر ایشیائی پانیوں میں اپنی فوجی قوت کو اندھادھند کیوں بڑھا رہا ہے ، آخر اسے کس ملک سے یہاں خطرہ درپیش ہے ۔چینی میڈیا ارکان کے سوالات پر امریکی وزیردفاع چک ہیگل جواب گول کرگئے اور کہا کہ امریکہ خطے میں پائے جانے والے علاقائی تنازعات کا پرامن حل چاہتا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں