چاند نظر نہیں آیا،ملک میں ایک بار پھر تین عیدیں ہوں گی
عیدالاضحی 6اکتوبر کو ہوگی ، فاٹا میں 4 ، مفتی پوپلزئی نے 5اکتوبر کو عید کا اعلان کررکھا ہے
کراچی،لاہور (دنیا نیوز،جنرل رپورٹر سے ) پاکستان میں ذوالحج کا چاند نظر نہیں آیا اس لئے یکم ذوالحج ہفتہ 27 ستمبر کو ہوگی اور عیدالاضحی 6 اکتوبر بروز پیر کو ہو گی۔گزشتہ روز ذوالحج کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت ہوا جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوئے ۔ بعدازاں مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا کہ ملک بھر میں کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی ٹھوس شہادت موصول نہیں ہوئی اس لئے یکم ذوالحج ہفتہ 27 ستمبر 2014 کو ہوگی اور ملک بھر میں عیدالاضحی چھ اکتوبر بروز پیر کو جوش و جذبہ کیساتھ منائی جائے گی۔پنجاب رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ایوان اوقاف لاہور میں ہوا جس میں مولانا امجد خان، مفتی انتخاب احمد نوری، علامہ مقصود احمد قادری، ڈاکٹر عبدالغفور راشد، علامہ محمد حسین اکبر ، مولانا مفتی محمد رمضان سیالوی اور مولانا عبدالخبیر آزاد نے شرکت کی۔واضح رہے کہ عید قربان پر بھی چاند کا جھگڑا برقرار رہا، اس بار پاکستان میں ایک یا دو نہیں بلکہ تین عیدیں منائی جائیں گی ۔ ملک میں چار اکتوبر، پانچ اکتوبر اور 6 اکتوبر کو عید منائی جائے گی۔ پاکستان کے مختلف علاقوں میں آباد افغان مہاجرین سعودی عرب کے ساتھ چار اکتوبر کو عید منائیں گے ۔ فاٹا میں بھی سعودی عرب کے ساتھ چار اکتوبر کو ہی عید ہو گی۔ پشاور کی قاسم مسجد کے امام مفتی پوپلزئی نے ایک روز قبل ہی اعلان کر دیا تھا کہ پشاور میں 5 اکتوبر بروز اتوار کو عید منائی جائے گی ۔ خیبر پختونخوا کے پشتون اکثریت والے بیشتر علاقوں میں بھی مفتی پوپلزئی کے اعلان کے تحت ہی عید منائی جائے گی جبکہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے ملک میں چھ اکتوبر کو عید کا اعلان کیا ہے ۔