پنشن بڑا بوجھ،ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھا نا ہوگی:وزیر خزانہ

پنشن بڑا بوجھ،ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھا نا ہوگی:وزیر خزانہ

اسلام آباد (نامہ نگار ، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں )وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنشن بہت بڑا بوجھ ہے ، وقت کے ساتھ ساتھ ہمیں سروس اسٹرکچر میں تبدیلی کرنا ہوگی تاکہ پنشن کا خرچہ آہستہ آہستہ ہمارے قابو میں آئے ، ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھانا ہو گی۔

اسلام آباد میں وزیر اطلاعات اور وزیر قانون کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بزنس ٹو بزنس ان کے ساتھ بڑے اچھے  مذاکرات ہوئے ، اس کا پس منظر ہے کہ گزشتہ 10 مہینے سے ہمارے معاشی اہداف سب صحیح سمت میں جا رہے ہیں، تجارتی خسارہ بالکل قابو میں ہے ، اسی طرح زرعی جی ڈی پی میں 5 فیصد مثبت نمو ہے ۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ کچھ سرمایہ کار امریکا اور یورپ سے بھی آئے ہوئے ہیں، پچھلے 2 دونوں سے ملاقات کر رہا ہوں، ملک صحیح سمت میں آگے بڑھ رہا ہے ، آئی ایم ایف کی ٹیم بھی اس مہینے آئے گی، جس میں اسٹرکچرل اصلاحات بہت اہم ہوں گی۔ عالمی ادارے بھی ملک کے معاشی استحکام کی توثیق کر رہے ہیں،، آئی ایم ایف کے ساتھ بڑے اورطویل دورانیہ کے پروگرام کیلئے اگلے دس دنوں میں آئی ایم ایف مشن پاکستان پہنچے گا۔ انہوں نے کہاکہ افراط زرکی شرح 38 فیصدسے کم ہوکر 17 فیصد کی سطح پر آگئی ہے اور اس میں بتدریج کمی آ رہی ہے ۔ اس سے ملک میں معاشی استحکام کی عکاسی ہورہی ہے ۔

وزیرخزانہ نے کہاکہ پالیسی ریٹ کاتعین سٹیٹ بینک کرتا ہے ، ہمیں امید ہے کہ جس طرح افراط زرکی شرح کم ہورہی ہے اس کے نتیجے میں پالیسی رٹ میں بھی کمی آ جائے گی،اس موقع پر وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ حکومتی سطح پر ہونے والے تمام کام عوام سے شیئر کئے جائیں،بنیادی ڈھانچے میں اصلاحات ہمارے ایجنڈے کا حصہ ہیں،جو ملک اقتصادی طور پر مستحکم ہوگا وہی ترقی کرے گا،ملکی معیشت کا دارومدار سیاسی استحکام سے ہے ۔ایوان نے ٹیکس قوانین میں اصلاحات کا قانون پاس کیا ہے ۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ بجلی چوری کی روک تھام اور ٹیکس کی ادائیگی بحیثیت قوم ہمارا فرض ہے ،ایف بی آر میں گزشتہ دنوں کچھ تقرر و تبادلے کیے گئے ہیں ،افسروں کی صلاحیت کو مدنظرکھتے ہوئے تعیناتیاں کی جائیں گی ،ٹیکس چوری ،انکم ٹیکس کی عدم ادائیگی اور ٹیکس کی کم ادائیگی کے مسائل کو حل کرناہے ۔ وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ پنشن ریفارمز پر بھی اسی حوالے سے بات ہو رہی ہے کہ اس میں ابھی عمر کے حوالے سے واضح چیز سامنے نہیں آئی لیکن ایک اصولی فیصلہ ہے کہ جو بہت بڑا پبلک سیکٹر ہے ، اس کے ساتھ ریٹائرمنٹ بینفٹ اور پنشن جڑی ہوتی ہے تو اس کے سالانہ اخراجات کا بہت سارا حصہ اس پر نکل جاتا ہے ، اس کی مینجمنٹ کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ جو تجربہ کار لوگ ہیں، ان سے استفادہ رکھیں۔ریٹائر منٹ کی عمر بڑھانے کا فیصلہ سب کے لیے ہو گا ،عدلیہ ، سول سرونٹ ، افواج شامل ہوں گی۔اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہاکہ پنشن اصلاحات تمام سرکاری اداروں پر لاحق کرنے کا منصوبہ ہے ،پنشن اصلاحات پر تجاویز زیر غور ہیں۔ملک تاریخ کے اہم موڑ پر کھڑا ہے جہاں اصلاحات کی ضرورت ہے ۔ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہو گئی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں