اسحاق ڈار سے سعودی وزیر خارجہ کا رابطہ، ولی عہد کے دورہ پاکستان پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان میں پیش رفت ہوئی، سعودی وزیر خارجہ کا نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے سعودی مملکت کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ سے ٹیلی فون پر بات چیت کی، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان آلسعود کے دورہ پاکستان کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

اسحاق ڈارنے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام باہمی طور پر طے شدہ تاریخ پر ولی عہد کے دورے کا بے صبری سے منتظر ہیں، دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال بھی کیا۔

ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ متعدد شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مختلف راستے تلاش کئے جائیں، وزراء نے غزہ کی سنگین صورتحال پر باہمی تشویش کا اظہار کیا، دیگر اہم علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ فریقین نے مشترکہ کوششوں اور بات چیت کے ذریعے خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا، اس ڈائیلاگ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہری اور پائیدار شراکت داری کو اجاگر کیا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں