عوام کو ریلیف دینے کیلئے انکم اور سیلز ٹیکس ختم کیا جائے: مفتاح اسماعیل

کراچی :(دنیا نیوز)رہنما عوام پاکستان پارٹی مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس کو فوری ہٹانا ہوگا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے  مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ کمال کی بات ہے لوڈشیڈنگ کے باوجود بجلی کے بل کم نہیں ہورہے ، آئی پی پیز کو لگاتے وقت ڈالر کو دیکھنا چاہیے تھا، بجلی کے بلوں میں ٹیکسوں کی بھر مار کردی گئی ہے ، کل کے الیکٹرک کے دفتر کے باہر احتجاج کریں گے، ہم کے الیکٹرک کے باہر علامتی طور پر کھڑے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ زائد بلوں کی وجہ سے متوسط طبقہ متاثر ہو رہا ہے ،غریبوں کے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی زیادہ ہے ، ملک کے کئی علاقوں میں بھی کئی کئی گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، بھاری بھرکم بلوں کے بوجھ تلے تنخواہ دار طبقہ دب رہا ہے۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ حکومت نے قوم سے کمر کسنے کی بات کی جو پوری کردی گئی، حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے ، پہلے جس کا بل 55ہزار آتا تھا اب ایک لاکھ سے تجاوز کر گیا ہے  جبکہ سیاسی جماعتیں آئی پی پیز سے معاہدے ختم کرنے کی باتیں کررہی ہیں۔

رہنما عوام پاکستان پارٹی کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز سے معاہدے ختم کردیئے گئے تو وہ بجلی بند کردیں گے، جن علاقوں میں بجلی چوری ہوتی ہے، اُن علاقوں کا بوجھ بھی عام صارفین پر پڑتا ہے جو سراسر ظلم ہے، ہم ڈسکور سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اوور بلنگ ختم کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے اپنے اخراجات میں 24فیصد اضافہ کرلیا ، حکومت کو ملازمین کی تنخواہیں میں بھی اضافہ کرنا چاہیے، نظام بدلنے تک کوئی بھی ملک میں تبدیلی نہیں لاسکتا، بہتری لانے کیلئے سوچ بدلنا ہو گئی ، سوچ بدلے گی تو نظام بدلے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں