سی پیک 2 منصوبے کو ناکام بنانے کیلئے سازشی ٹولہ پھر سرگرم ہوگیا: احسن اقبال

نارووال: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا کہ جس ملک امن اور استحکام نہیں رہتا وہ ملک ترقی نہیں کر سکتا۔

وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے نارووال بار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بار واحد ادارہ ہے جس نے 75 سال سے جمہوریت کے تسلسل کو برقرار رکھا ہے، یہی وجہ ہے وکلا کے اندر جو جمہوری روایات ہیں وہ ہمیں اپنی سیاست میں دیکھنے کو نہیں ملتیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ الیکشن کے موقع پر آپ ہر سال لاؤ لشکر لے کر ایک دوسرے کے خلاف برسرپیکار ہوتے ہیں، جونہی الیکشن ختم ہوتا ہے آپ لوگ برادری بن کر کام میں لگ جاتے ہیں، یہی وہ روایات بد قسمتی سے پاکستان میں ہماری سیاست میں پیدا نہیں ہوسکیں، جس کی بڑی وجہ ہے کہ ہمارے نظام میں تسلسل نہیں ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 16 مہینے محنت کر کے چین کا اعتماد بحال کیا ہے، ہم سی پیک فیس 2 کا منصوبہ شروع کرنے جا رہے ہیں، جونہی پاکستان چین کی شراکت آگے بڑھنے لگتی ہے اسی رفتار سے بعض لوگ پاکستان میں سازش کو تیز کر دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جیسے پہلے سی پیک کا اعلان ہوا دھرنے شروع ہو گئے، 2018ء میں رجیم چینج کر کے ساری پالیسیوں کا یوٹرن کر دیا گیا، پاکستان کے نادر موقع کو ہم ٹیک آف کر سکتے تھے مگر کریش کر دیا گیا۔

احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک 2 کو لے کر نکلے ہیں، کون سے کردار ہیں جو پاکستان میں دوبارہ کسی کے اشاروں پر بے یقینی پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ پاکستان اور چین کا منصوبہ کسی طرح کامیاب نہ ہو سکے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں