کے ٹو مہم جوئی کے دوران دو جاپانی کوہ پیما لاپتہ

شگر: (دنیا نیوز) کے ٹو مہم جوئی کے دوران الپائن سٹائل سے کلائمبنگ کرتے ہوئے دو جاپانی کوہ پیما لاپتہ ہو گئے۔

شگر کے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) ولی اللہ فلاحی کے مطابق جاپانی کوہ پیما کازویا ہیراڈے اور کینرو ناکاجیما کے ٹو کے مغرب میں 7,500 میٹر کی بلندی سے نیچے گرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی کے ہیلی کاپٹروں نے علاقے میں سرچ آپریشن کیا، سکردو سے دو فوجی ہیلی کاپٹروں نے اڑان بھری اور چوٹی پر کوہ پیماؤں کی تلاش کی۔

ولی اللہ فلاحی نے کہا کہ انہوں نے 100 میٹر کے نشان سے نیچے گرنے والے کوہ پیماؤں کو دیکھا لیکن یہ نوٹ کیا گیا کہ وہ بالکل بھی حرکت نہیں کر رہے تھے، ڈی سی نے کہا کہ ہیلی کاپٹر اونچائی پر نہ اتر سکتے ہیں اور نہ ہی منڈلا سکتے ہیں، ایک گراؤنڈ ریسکیو ٹیم ان دونوں افراد کو نکالنے کے لیے تیار رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ معلوم نہیں ہے کہ ان میں سے کوئی زندہ ہے یا مر گیا ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں