خلیل الرحمان قمر کیس میں اہم پیشرفت، آمنہ عروج کی ضمانت خارج

لاہور:(دنیا نیوز) ضلع کچہری لاہور میں معروف ڈرامہ نویس خلیل الرحمان قمر کی نامناسب ویڈیو وائرل کرنے کے مقدمے میں ملزمہ آمنہ عروج کی ضمانت خارج کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ضلع کچہری لاہور میں ملزمہ آمنہ عروج کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی جس میں وکیل چوہدری مدثر ایڈووکیٹ نے مدعی کی جانب سے اس مقدمے میں دلائل دیے۔

ملزمہ کے وکیل نے کہا کہ مقدمہ ایک سال تین ماہ کی تاخیر سے درج کیا گیا اور ملزمہ کا اس کیس میں کوئی کردار نہیں ہے، یہ مقدمہ سزا کی معطلی کے بعد درج کیا گیا تھا لیکن پراسکیوٹر نے مختلف دلائل دیے اور کہا کہ ملزمہ نے ویڈیو بنوانے اور وائرل کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

پراسکیوٹر نے مزید بتایا ہے کہ شریک ملزمان کو صرف سہولت کاری کے طور پر نامزد کیا گیا تھا اور ملزمہ کے خلاف ریکارڈ پر موجود ثبوت نے اس کیس کو مضبوط کیا۔

عدالت نے اس کیس کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے ملزمہ کی درخواست ضمانت خارج کر دی، یہ مقدمہ این سی سی آئی اے (نیشنل کرائم سیل) کی جانب سے درج کیا گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں