معروف بھارتی رقاصہ نورا فتحی ٹریفک حادثے میں زخمی، حیران کن طور پرکنسرٹ میں پہنچ گئیں

ممبئی (دنیا نیوز) بھارت کی عالمی شہرت یافتہ ڈانسر نورا فتحی ایک خوفناک ٹریفک حادثے کا شکار ہو گئیں جس نے ان کے مداحوں کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب نورا فتحی اپنی ٹیم کے ہمراہ امریکا کے مشہور ڈی جے ڈیوڈ گوئٹا کے کنسرٹ میں شرکت کے لیے روانہ ہو رہی تھیں،اسی دوران ایک تیز رفتار کار نے نورا فتحی کی گاڑی کو زور دار ٹکر مار دی، یہ تصادم اتنا خوفناک تھا کہ اداکارہ کی گاڑی بائیں سائیڈ سے تباہ ہوگئی۔

نورا فتحی پچھلی سیٹ پر بیٹھی تھیں اور اُن کا سر اگلی سیٹ سے ٹکرانے کے باعث بری طرح زخمی ہوگیا، اُنہیں فوری طور پر خون میں لت پت ہسپتال کی ایمرجنسی میں لے جایا گیا جہاں اُن کا فوراً  سی ٹی سکین ہوا۔

دوسری جانب ڈاکٹرز نے تصدیق کی کہ نورا فتحی کے دماغ کو شدید اندرونی جھٹکا لگا ہے، اُنہوں نے اداکارہ کو مکمل آرام کا مشورہ بھی دیا تاہم حیران کن طور پر وہ سخت آرام کے مشورے پر عمل کرنے کے بجائے ہسپتال سے ڈسچارج ہوکر سیدھا کنسرٹ میں پہنچ گئیں۔

خیال رہے نورا فتحی نے اِسی حالت میں’ سن برن فیسٹیول 2025 ‘ میں سٹیج پر آ کر پر فارم کیا، رقاصہ و اداکارہ نورا فتحی کی پیشہ ورانہ احساسِ ذمہ دری اور جرأت پر مداحوں نے انھیں ’آئرن لیڈی‘ کا خطاب دیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں