راحت فتح علی خان کی بیٹی ماہین کی شادی شروع، تصاویر وائرل
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے معروف گلوکار راحت فتح علی خان کی بیٹی ماہین خان کی شادی کی تقریبات شروع ہو گئیں، ماہین کی مایوں کی تصاویر نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی۔
ذرائع کے مطابق مایوں کی تقریب انتہائی محدود اور گھریلو ماحول میں منعقد کی گئی جس میں صرف قریبی رشتہ دار اور اہلِ خانہ شریک ہوئے، ماہین سنہری اور دیدہ زیب لباس میں جلوہ گر تھیں جبکہ نفیس زیورات نے ان کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کیا، تقریب میں ماہین اور ان کے شریکِ حیات کے درمیان محبت اور ہم آہنگی کو مداحوں نے نہایت دلکش قرار دیا۔
تقریب میں راحت فتح علی خان اور ان کی اہلیہ بھی موجود تھے، والدین کے طور پر ان کی باوقار موجودگی اور خوشی نے سب کی توجہ حاصل کی، خاندان کے دیگر افراد کی جانب سے سوشل میڈیا پر شادی کی تقریب کی چند جھلکیاں بھی شیئر کی گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ماہین کی شادی قریبی رشتہ دار کے بیٹے سے ہو رہی ہے جو خاندانی روایت کے مطابق طے پائی، اس خوشی کے موقع پر مداحوں نے راحت فتح علی خان اور ان کے خاندان کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔