کراچی کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلے، 5 ڈاکو گرفتار
کراچی: (دنیا نیوز) مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران پانچ سٹریٹ کریمنلز کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ نیو کراچی کی حدود میں واقع ڈگری کالج، سیکٹر 11-I کے قریب پولیس اور مشکوک موٹر سائیکل سوار افراد کو رکنے کا اشارہ کیا، پولیس معمول کے گشت پر تھی کہ ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران تین ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے، ترجمان ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق گرفتار زخمی ملزمان میں شیر عالم ولد فیصل خان، محمد سعید عرف محمد ولد محمد یامین اور معصوم ولد سلیم شامل ہیں، پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ایک 9 ایم ایم پستول، دو 30 بور پستول اور ایک 70 سی سی موٹر سائیکل برآمد کر لی۔
اطلاعات کے مطابق زخمی ملزمان کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے عباسی شہید ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ مزید قانونی کارروائی کے لیے کرائم سین یونٹ کو بھی طلب کر لیا گیا ہے تاہم ملزمان کا کریمنل ریکارڈ بھی جمع کیا جارہا ہے۔