اے آئی کے بڑھتے استعمال سے تخلیقی شعبوں میں روزگار کو خطرہ لاحق
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے بڑھتے استعمال کے باعث مختلف شعبوں خصوصاً اشتہاری اور تخلیقی صنعت میں روزگار کے مسائل پر خدشات کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اشتہاری شعبے میں اے آئی کے بڑھتے ہوئے استعمال کے نتیجے میں تخلیقی شعبوں سے وابستہ افراد کے روزگار کو سنگین خطرات لاحق ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کانٹینٹ کریئیٹرز، گرافک ڈیزائنرز، ایڈیٹرز، کریئیٹو ڈائریکٹرز، اداکار، اداکارائیں، ماڈلز، ٹیکنیشنز اور کیمرہ مین سمیت بڑی تعداد میں تخلیقی افرادی قوت متاثر ہونے کے خدشات ہیں، اے آئی کے باعث کئی تخلیقی پیشے متروک ہونے کے خطرے سے دوچار ہیں۔
عطا اللہ تارڑ نے زور دیا کہ اس مسئلے کا پالیسی سطح پر بروقت اور مؤثر حل نکالنا ناگزیر ہو چکا ہے تاکہ ٹیکنالوجی کے استعمال کے ساتھ ساتھ انسانی افرادی قوت کے مفادات کا تحفظ بھی یقینی بنایا جا سکے۔