تیز رفتار ایسکلیٹر پر رولر کوسٹر کے مزے، طلبا کے ہوش اڑ گئے

ڈھاکا:(ویب ڈیسک) بنگلادیش کی ایک یونیورسٹی میں طلبا کے لیے معمول کا دن اس وقت خوف میں بدل گیا جب عمارت میں نصب ایسکلیٹر اچانک بے قابو ہوگیا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس نے ناظرین کو بھی ہلا کر رکھ دیا ہے۔

ڈھاکا میں واقع یونیورسٹی میں طلبا جیسے ہی کلاسز کے لیے ایسکلیٹر پر سوار ہوئے، چند لمحوں بعد اس کی رفتار اچانک غیر معمولی حد تک تیز ہوگئی، تیز رفتار حرکت نے طلبا کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور فضا میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طلبا گھبراہٹ میں ایک دوسرے کو پکڑ کر کھڑے رہنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ کچھ نے گرنے سے بچنے کے لیے ہینڈریل کو مضبوطی سے تھام لیا۔

چند سیکنڈ کے اس واقعے نے طلبا کو شدید ذہنی دباؤ میں مبتلا کر دیا، کچھ طلبا جلدی میں نیچے اترنے کی کوشش کرتے نظر آئے جبکہ کئی ایک کے چہرے پر واضح خوف جھلک رہا تھا خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی طالب علم کے زخمی ہونے کی اطلاع سامنے نہیں آئی تاہم خطرہ واضح طور پر موجود تھا۔

یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے تاحال اس واقعے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا اور نہ ہی یہ واضح ہو سکا ہے کہ ایسکلیٹر کی رفتار اچانک کیوں بڑھی، واقعے نے ادارے کی حفاظتی انتظامات پر بھی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے اس ویڈیو پر مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں، ایک صارف نے لکھا کہ یہ واقعہ کسی بھی ملک میں ہو، ناقابلِ قبول اور خوفناک ہے کیونکہ شہریوں کی حفاظت سب سے پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔

ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ اسے تو عام رفتار پر بھی ایسکلیٹر سے ڈر لگتا ہے، ایسے میں یہ منظر دیکھنا مزید خوف پیدا کر دیتا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں