کراچی میں خاتون پر تشدد کی ویڈیو وائرل، صوبائی وزیر کا نوٹس
کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کے علاقے بفرزون میں گھر کی سیڑھیوں پر گھریلو ملازمہ کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی جس پر وزیر برائے ترقیِ نسواں سندھ شاہینہ شیر علی نے نوٹس لے لیا۔
وائرل ویڈیو میں ایک شخص کو خاتون پر تشدد کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ تشدد کرنے والے شخص کے ہمراہ خاتون اسے روکنے کی بھی کوشش کرتی نظر آئی، یہ واقعہ بفرزون کے سیکٹر 15 بی میں پیش آیا اور گھریلو ملازمہ پر تشدد کرنے والے شخص کی شناخت نعمان کے نام سے ہوئی۔
گبول ٹاؤن پولیس کے مطابق مذکورہ واقعہ 11 دسمبر کو پیش آیا تھا، ایس ایچ او گبول ٹاؤن راؤ خالد نے بتایا کہ پولیس نے متاثرہ گھریلو ملازمہ یاسمین کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق ویڈیو میں تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون کی شناخت مسماۃ یاسمین کے نام سے ہوئی ہے جو گھروں میں ملازمت کرتی ہیں، ابتدائی معلومات کے مطابق مسماۃ یاسمین کا ملزم نعمان کی اہلیہ سے کسی معاملے پر جھگڑا ہوا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون ملازمہ جب دوسرے گھر سے کام مکمل کر کے نکلی تو سیڑھیوں پر موجود ملزم نعمان نے اسے شدید تشدد کا نشانہ بنایا، تشدد کی میڈیکل رپورٹ پیر کو موصول ہوگی۔