چینی وزیراعظم نے عوام میں مطالعہ کے فروغ کیلئے ریگولیشنز کی منظوری دیدی
بیجنگ: (ویب ڈیسک) چینی وزیراعظم نے عوام میں مطالعہ کے فروغ کیلئے ریگولیشنز کی منظوری دیدی۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق چینی وزیراعظم لی چیانگ نے عوام میں مطالعہ کے فروغ کے لیے ریگولیشنز جاری کرنے کے سٹیٹ کونسل کے حکم نامہ پر دستخط کر دیئے ہیں جو یکم فروری 2026 سے نافذ العمل ہوگا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس ضابطے کا مقصد چینی عوام کے علمی، اخلاقی، سائنسی اور ثقافتی معیار کو بلند کرنا اور مجموعی سماجی شائستگی کو فروغ دینا ہے تاکہ چین کو مضبوط سوشلسٹ ثقافت کا حامل ملک بنانے کی کوششوں کو تقویت مل سکے، ضابطے میں اشاعتی معیار کو بہتر بنانے اور مزید اعلیٰ معیار کی مطبوعات کی تیاری کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔
اس میں عوامی مطالعہ گاہوں کی سائنسی بنیادوں پر منصوبہ بندی اور تعمیر، نیز ڈیجیٹل اور روایتی مطالعے کے امتزاج کی حمایت کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے، ضابطے کے تحت ڈیجیٹل ریڈنگ سروس فراہم کرنے والوں کو مواد کے مؤثر انتظام اور معیاری ڈیجیٹل مواد کی فراہمی کا پابند بنایا گیا ہے۔
دستاویز میں دیہی علاقوں، سابق انقلابی مراکز، سرحدی علاقوں اور کم ترقی یافتہ علاقوں میں مطالعے سے متعلق اقدامات کے لیے ہدفی معاونت کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ نابالغوں، معذور افراد اور بزرگ شہریوں کے لئے مطالعے تک رسائی بہتر بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔