امریکی فوج کا بحرالکاہل میں ایک اور بحری جہاز پر حملہ، 4 افراد ہلاک
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی فوج نے مشرقی بحرالکاہل میں ایک اور بحری جہاز پر حملہ کرکے 4 افراد کو ہلاک کر دیا۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یو ایس سدرن کمانڈ (ساؤتھ کام) جو لاطینی امریکا کے علاقے میں سدرن سپیئر نامی فوجی آپریشن کی قیادت کر رہی ہے نے کہا کہ حملے میں چار دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا، امریکی فوج کی طرف سے اس بات کا کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا گیا کہ نشانہ بنایا جانے والا بحری جہاز منشیات کی سمگلنگ میں ملوث تھا۔
امریکی فوج کی طرف سے سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو میں ایک سپیڈ بوٹ کو تباہ ہو تے دکھایا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ یہ کشتی مشرقی بحرالکاہل میں منشیات کی سمگلنگ کے معروف راستے سے گزر رہی تھی اور منشیات کی سمگلنگ کی کارروائیوں میں مصروف تھی۔
اس حملے سے ستمبر سے مشرقی بحر الکاہل اور کیریبین میں 26 بحری جہازوں پر ہونے والے امریکی حملوں میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد تقریباً ایک سو تک پہنچ گئی ہے۔