سندھ میں کپاس کی پیداوار پنجاب کے مقابلے میں 16 فیصد زیادہ

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ میں کپاس کی پیداوار پنجاب کے مقابلے میں حیران کن طور پر 16 فیصد زیادہ ریکارڈ ہو گئی۔

فیڈرل کمیٹی آن ایگریکلچر کی جانب سے کاٹن ایئر2025-26 کے پنجاب کے لیے 34 لاکھ 60 ہزار ایکڑ پر کپاس کی کاشت اور 55 لاکھ 53 ہزار روئی کی گانٹھوں کا پیداواری ہدف مقرر کیا گیا جبکہ سندھ کیلئے 15 لاکھ 56 ہزار ایکڑ پرکپاس کی کاشت اور 40 لاکھ 40 ہزار گانٹھوں کا پیداواری ہدف مقرر کیا گیا مگر 15 دسمبر تک پنجاب میں صرف 24 لاکھ 53 ہزار اور سندھ میں 28 لاکھ 48 ہزار گانٹھوں کی پیداوار ریکارڈ کی گئی ہے۔

یہ اعدادوشمار کاٹن سیکٹر کے لیے تشویش کا باعث بن گئے ہیں، سندھ کا پیداواری ہدف پنجاب کے مقابلے میں 37 فیصد کم ہونے کے باوجود سندھ میں کپاس کی پیداوار میں 15 دسمبر تک پنجاب کے مقابلے میں حیران کن طور پر 16 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری ہونے والے کپاس کے مجموعی ملکی پیداواری اعداد و شمار کے مطابق 15 دسمبر تک ملک بھر کی جننگ فیکٹریوں میں مجموعی طور پر ایک فیصد کے اضافے سے 53 لاکھ گانٹھوں کے مساوی کپاس جننگ فیکٹریوں میں پہنچی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پنجاب کی جننگ فیکٹریوں میں زیرتبصرہ مدت کے دوران 24 لاکھ 53 ہزار جبکہ سندھ کی جننگ فیکٹریوں میں 28 لاکھ 48 ہزار گانٹھوں کے مساوی پھٹی جننگ فیکٹریوں میں پہنچی ہے جو کہ پچھلے سال کی نسبت بالترتیب 5 فیصد کم اور 3 فیصد زائد ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں