پنجابی گلوکار ملکو کا فضا علی پر گانا چوری کرنے کا الزام عائد
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی پنجابی گلوکار ملکو نے معروف ماڈل، اداکارہ، اور میزبان فضا علی پر گانا چوری کرنے کا الزام عائد کر دیا۔
حال ہی میں ملکو نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے انکشاف کیا کہ فضا علی نے بہانے سے میرا گانا مجھ سے مانگ کر اپنے نام سے ریلیز کر دیا۔
پنجابی لوک اور پاپ موسیقی میں اپنی منفرد پہچان رکھنے والے ملکو کا کہنا ہے کہ ایک گانا تھا جو میری بیوی کا بہت پسندیدہ تھا، اُس گانے کے ساتھ بہت بڑی ناانصافی ہوئی ہے۔ میں نے وہ گانا فضا علی کے ساتھ بنایا تھا، اس نے مجھ سے گانا سننے کے لیے لیا اور اپنے نام سے ریلیز کردیا۔
انہوں نے کہا کہ ٹی وی پر لوگ بڑے بڑے دعوے کرتے ہیں لیکن حقیقت میں فراڈ نکلتے ہیں۔ فضا ہم لوگوں کی وجہ سے ہٹ گلوکار بنی، اس کے سولو گانے ہمیشہ فلاپ ہوتے ہیں۔
ملکو کا کہنا ہے کہ پنجابی گائیکی میں کون ہٹ ہے؟ ملکو ہٹ ہے، مظہر راہی ہٹ ہے، ذیشان روکھڑی ہٹ ہے۔ جنہیں یوٹیوب پر لاکھوں اور کروڑوں شائقین سنتے اور پسند کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ فضا علی نے ماضی میں مظہر راہی، ملکو اور ذیشان روکھڑی کے ساتھ کئی پنجابی ہٹ گانے گائے ہیں، جنہیں یوٹیوب پر لاکھوں اور کروڑوں ویوز ملے ہیں۔