منشیات و دہشتگردی کا کیس: صحافی مطیع اللہ جان نے ٹرائل کورٹ کا حکم چیلنج کردیا
اسلام آباد: (دنیا نیوز) صحافی مطیع اللہ جان نے منشیات اور دہشت گردی کے کیس میں ٹرائل کورٹ کا حکم چیلنج کردیا۔
ذرائع کے مطابق سینئر صحافی مطیع اللہ جان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپنے خلاف منشیات اور دہشت گردی سے متعلق مقدمے میں ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے۔
عدالت عالیہ میں ٹرائل کورٹ کی جانب سے مقدمے سے منشیات کے چارجز ختم نہ کرنے کے آرڈر کے خلاف بیرسٹر میاں علی اشفاق کے توسط سے باقاعدہ درخواست دائر کی گئی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے جاری کیا گیا آرڈر کالعدم قرار دیا جائے، علاوہ ازیں درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ مقدمے سے منشیات کے چارجز بھی ختم کیے جائیں۔
مطیع اللہ جان کی جانب سے دائر درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ منشیات برآمدگی سے متعلق نہ تو کوئی ویڈیو موجود ہے اور نہ ہی سی سی ٹی وی فوٹیج دستیاب ہیں، اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں کے مطابق منشیات برآمدگی کے معاملے میں ویڈیو کا ہونا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے 2 روز قبل مطیع اللہ جان کی جانب سے منشیات کے چارجز ختم کرنے کی درخواست مسترد کر دی تھی جس کے بعد اب ٹرائل کورٹ کے اسی فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔