پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت مضبوط، آئی ٹی برآمدات کی نئی تاریخ رقم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت اور آئی ٹی برآمدات نے نئی تاریخ رقم کر دی۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران آئی ٹی برآمدات میں 19 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جولائی سے نومبر کے عرصے میں آئی ٹی برآمدات کا مجموعی حجم ایک ارب 80 کروڑ ڈالر تک جا پہنچا جبکہ صرف نومبر کے مہینے میں آئی ٹی برآمدات 356 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مؤثر پالیسیوں اور سہولت کاری کے باعث آئی ٹی سیکٹر میں تیز رفتار ترقی ممکن ہوئی ہے جس سے عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بحال ہوا ہے۔

ماہرین کے مطابق آئی ٹی برآمدات میں اضافہ نہ صرف قیمتی زرمبادلہ حاصل کرنے کا اہم ذریعہ ہے بلکہ اس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں، ڈیجیٹل خودمختاری کو فروغ مل رہا ہے اور ملکی معیشت کو استحکام کی جانب لے جانے میں مدد مل رہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں