بھارتی دو نوجوانوں پر قسمت کی دیوی مہربان، لاکھ پتی بنا دیا

مدھیہ پردیش :(دنیا نیوز)) بھارت کے صوبے مدھیہ پردیش کے ضلع پنا میں دو بچپن کے دوستوں ستیش کھاتک (24 سالہ) اور ساجد محمد (23 سالہ) کو لیز پر حاصل کیے گئے کھیت میں کام کے دوران 15.3 قیراط کا ہیرا ملا ہے۔

پنا ڈائمنڈ آفس کی جانچ میں تصدیق ہوئی کہ یہ ہیرا اصلی ہے اور اس کی مارکیٹ ویلیو تقریباً 50 سے 60 لاکھ بھارتی روپے (تقریباً 1.8 کروڑ پاکستانی روپے) ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ ہیرا جلد حکومتی نیلامی کے ذریعے فروخت کیا جائے گا، جس میں دریافت کنندگان کو 88 فیصد رقم اور حکومت کو 12 فیصد حاصل ہوگی، ضلع پنا میں ہر تین ماہ بعد حکومتی نگرانی میں ہیرے کی نیلامی ہوتی ہے۔

ستیش اور ساجد دونوں غریب خاندانوں سے تعلق رکھتے ہیں، ایک کا پیشہ قصائی اور دوسرے کا پھل فروخت کرنا ہے، دونوں نے کہا کہ وہ اس رقم کو اپنی زندگی بہتر بنانے کے لیے استعمال کریں گے اور ان کی پہلی ترجیح اپنی بہنوں کی شادی ہے نہ کہ زمین خریدنا یا کاروبار بڑھانا۔

واضح رہے کہ مدھیہ پردیش کے ضلع پنا کو ڈائمنڈ بیلٹ کے طور پر جانا جاتا ہے اور یہاں ماضی میں بھی ہیروں کی دریافت ہوتی رہی ہے جس کی وجہ سے یہ علاقہ ہیرے کی تلاش کے لیے مشہور ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں