معروف ہالی ووڈ اداکار نے 46 برس کی عمر میں خودکشی کرلی
لاس اینجلس: (ویب ڈیسک) ایچ بی او کے مشہور ڈرامے ’دی وائر‘ میں ’زیگی سوبوٹکا‘ کے کردار سے شہرت پانے والے معروف امریکی اداکار جیمز رانسون نے خودکشی کرلی۔
لاس اینجلس کے میڈیکل ایگزامنر کی جانب سے جاری معلومات کے مطابق 46 سالہ رینسون کا انتقال جمعے کے روز ہوا جب کہ انہوں نے خود اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔
حالیہ برسوں میں جیمز رانسون ہارر فلم ’اٹ چیپٹر ٹو‘ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے جب کہ وہ ایک اور پراجیکٹ ’جنریشن کل‘ میں الیگزینڈر اسکارسگارڈ کے ساتھ نظر آئے، اس فلم میں رانسون نے حقیقی زندگی کے میرین کارپورل جوش رے پرسن کا کردار ادا کیا، جو ایچ بی او کے اس سات اقساط پر مشتمل شو میں مسلسل موجود رہا۔
ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
جیمز رانسون 1979 میں بالٹی مور میں پیدا ہوئے، انہوں نے 1993 سے 1997 تک میری لینڈ کے شہر ٹاؤسن میں واقع کارور سینٹر فار آرٹس اینڈ ٹیکنالوجی میں تعلیم حاصل کی۔
انہیں 2002 کی ڈراما فلم ’کین پارک‘ میں معاون اداکار کے طور پر پہلا نمایاں موقع ملا، جس کے ایک سال بعد انہیں ’دی وائر‘ میں کردار ملا، رانسون آخری بار ٹیلی ویژن پر ’پوکر فیس‘ کے دوسرے سیزن کی ایک قسط میں نظر آئے تھے، جو گذشتہ جون میں نشر ہوئی تھی۔
2021 میں رینسون نے انکشاف کیا تھا کہ بچپن میں میری لینڈ کے سرکاری اسکولوں سے وابستہ ایک ٹیوشن دینے والے شخص نے ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی تھی۔