بنگلادیش نے بھارت میں قونصلر اور ویزا خدمات معطل کردیں

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بنگلادیش نے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں بنگلادیش ہائی کمیشن کی قونصلر اور ویزا خدمات معطل کر دیں۔

نئی دہلی میں قائم بنگلادیش ہائی کمیشن نے سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر تمام قونصلر اور ویزا خدمات تاحکمِ ثانی معطل کر دی ہیں۔

ہائی کمیشن کی جانب سے آج نوٹس بورڈ پر جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ناگزیر حالات کے باعث یہ خدمات عارضی طور پر بند کی جا رہی ہیں۔

بنگلادیشی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ اقدام اس واقعے کے 2 دن بعد سامنے آیا ہے جب کچھ لوگوں نے نئی دہلی میں بنگلادیش مشن کے باہر احتجاج کیا تھا۔

بنگلادیش کے خارجہ امور کے مشیر توحید حسین کے مطابق انہیں ایسی اطلاعات موصول ہوئیں کہ مظاہرین کی جانب سے ہفتے کی شام ہائی کمشنر ریاض حمید اللّٰہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں