ملک کو بےشمارمسائل کا سامنا، نفاذ شریعت کیلئے آئینی جدوجہد واحد راستہ ہے: مفتی تقی عثمانی
کراچی:(دنیا نیوز) معروف عالمِ دین مفتی تقی عثمانی نے کہا ہے کہ ملک کو بےشمارمسائل کا سامنا ہے، نفاذ شریعت کےلیےآئینی جدوجہد ہی ایک واحد طریقہ ہے۔
شہرِقائد میں تقریب سےخطاب کرتے ہوئے مفتی تقی عثمانی کا کہنا تھا کہ وفاقی شرعی عدالت میں آئین کےتقاضوں کے مطابق علما مقرر کیے جائیں،26 ویں ترمیم میں سود سےمتعلق ترمیم خوش آئند ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ سود کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان کی کاوشیں قابل تعریف ہیں، سود کوختم کرنے کے دستوری تقاضے کو پامال کیا جارہا ہے، باوثوق ذرائع کے مطابق سارے بینکوں کو ترمیم سے مستثنیٰ قرار دیا جارہا ہے۔
معروف عالمِ دین کا کہنا تھا کہ ٹرانس جینڈرایکٹ کو ہمارے اوپرمسلط کرنے کا مطلب ہم جنسی پرستی کا دروازہ کھولنا ہے، اس حوالے سے بھی علما کرام نے اپنا موقف دینا ہے، ہمارے ملک کو بےشمار مسائل کا سامنا ہے، نفاذ شریعیت کے لیے آئینی جدوجہد ہی ایک واحد طریقہ ہے۔
مفتی تقی عثمانی نے مزید کہا کہ مسلح جدوجہد شریعت کے بالکل خلاف اور بغاوت ہے، دہشت گردی کا طوفان ملک پر مسلط ہے، پاکستان اور افغانستان کے درمیان صورتحال کشیدہ ہے، دینی مدارس کا معاملہ بھی کئی سالوں سے لٹکا ہوا ہے۔