سٹیٹ بینک سمیت تمام مالیاتی ادارے 25 دسمبر کو بند رہیں گے
کراچی: (دنیا نیوز) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے 25 دسمبر کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کےمطابق بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یومِ پیدائش اور کرسمس کے موقع پر سٹیٹ بینک، کمرشل بینکوں، ترقیاتی مالیاتی اداروں، مائیکروفنانس بینکوں اور دیگر مالیاتی اداروں میں معمول کی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔
سٹیٹ بینک کے مطابق ملک بھر میں بینکوں کی برانچز میں لین دین نہیں ہو سکے گا، اس کے علاوہ کلیئرنگ اور سیٹلمنٹ سمیت دیگر بینکنگ سروسز بھی اس روز دستیاب نہیں ہوں گی۔
تعطیل کے دوران اے ٹی ایم مشینیں معمول کے مطابق فعال رہیں گی، تاہم تکنیکی یا آپریشنل وجوہات کی بنا پر بعض مقامات پر خدمات میں عارضی تعطل ہو سکتا ہے، آن لائن بینکنگ، موبائل ایپس اور ڈیجیٹل ادائیگی کے دیگر ذرائع بھی بینکوں کی پالیسی کے مطابق دستیاب رہیں گے۔