کراچی: فیکٹری میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا، کولنگ کا عمل جاری
کراچی :(دنیا نیوز شہرِ قائد کے علاقے لانڈھی میں ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں فیکٹری میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا جس کے بعد کولنگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
ترجمان ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کے مطابق شام 5 بج کر 13 منٹ پر آگ لگنے کی اطلاع ملی، بد قسمتی سے مسلسل یہاں آگ لگ رہی ہے ، لنڈے کی فیکٹری کے گودام میں آگ لگی، جس وقت یہ واقعہ ہوا ورکرز کی چھٹی ہو چکی تھی، اس سال ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں آگ لگنے کے چھ سے سات واقعات پیش آئے ہیں۔
دوسری جانب فائر بریگیڈ حکام کا کہنا تھا کولنگ کے عمل میں دو سے تین گھنٹے لگیں گے ، آپریشن میں کے ایم سی ، 1122 اور زون کے فائر ٹینڈر اور سنارکل سمیت 13 گاڑیوں نے حصہ لیا، آگ دو منزلہ زیڈ اے انٹرپرائز نامی فیکٹری کی چھت پر لگی تھی۔
علاوہ ازیں لفٹ میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی تھی، لاکھوں روپے مالیت کا تیار لنڈے کا سامان جل کر خاستر ہو گیا، آگ لگنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔