ہتک عزت قانون انتہائی ضروری،پگڑی اچھالنے کی اجازت نہیں دینگے:مریم نواز

ہتک عزت قانون انتہائی ضروری،پگڑی اچھالنے کی اجازت نہیں دینگے:مریم نواز

لاہور(دنیانیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہاہے کہ ہتکِ عزت قانون انتہائی ضروری ہے ،میڈیا کا احترام ہے لیکن کسی کو بھی کسی کی پگڑی اچھالنے اورتہمت لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

مجھ پر جتنی مرضی تنقید کریں فرق نہیں پڑتا۔مذہبی بے حرمتی واقعات کے تدارک کیلئے جامع منصوبہ بندی کرنی ہوگی۔ اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب کے ا جلاس کی صدارت کرتے مریم نواز نے کہاہتک عزت کے قانون پر جو اعتراض کرتے ہیں وہ کہتے ہیں ہم ہتک کریں گے مگر ہمیں سزا نہ دی جائے ۔ کسی پر تہمت لگانا اسلام میں بہت بڑا گناہ ہے ، اگر الزام لگانا ہے تو اس کا ثبوت دیں، بد نیتی سے الزام لگایا گیا تو پھر جواب دینا پڑے گا،میڈیا بولے کہ ہم جھوٹ بولیں اور پکڑے نہ جائیں، یہ نہیں ہوگا،صرف زبان ہلا کر کسی کی عزت کو آپ داغدار نہیں کرسکتے ۔ ہم سب کی کوشش ہے کہ دین کا خوبصورت چہرہ دنیا کے سامنے پیش کریں، آج کے حالات بطور وزیر اعلیٰ میرے لئے باعث تشویش ہیں، کمیٹی کا اجلاس سال کی بجائے تین ماہ میں ایک بار ہونا چاہئے ۔ ساہیوال میں مدرسے میں بچے سے زیادتی کا جرم ثابت ہوا،جب پولیس نے کارروائی کی تو اسے مذہبی رنگ دے کر میرے خلاف سوشل میڈیا پر فتوے جاری کئے گئے ۔ قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات میں روزبروز اضافہ ہورہے ہیں،ایسے واقعات کا سن کر ہمارا دل تڑپتا ہے ۔

چاہتی ہوں کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے ہم سب ملکر بیٹھیں اور دیکھیں کہ کیا وجہ ہے کہ ایسے واقعات میں اضافہ ہوا ۔ کچھ بھی ہو ہمیں قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے اور فتوے صادر کرنے کی اجازت نہیں دینی چا ہئے ۔میرا فرض انصاف کرنا ہے ، جرم کی تصدیق کے بعد کوئی مسلمان، ہندویاعیسائی نہیں رہتا وہ مجرم ہوتا ہے ، مجرم کو سزا ملنی چاہئے ۔ تحقیق کے بغیر اعلانات کرکے لوگوں کو جمع کر لیا جاتا ہے اور جلاؤ گھیراؤ شروع ہو جاتا ہے ، مسائل پر بات کرکے ہمیں فیصلہ سازی کی طرف جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہامحرم سے جڑے احساسات صرف اہل تشیع مکتبہ فکر کے جذبات نہیں ہم سب کے ہیں۔ مجالس کی سکیورٹی اور حفاظت پنجاب حکومت کی ذمہ داری ہے ،محرم کے جلوسوں کے راستے پر کھانے اور نیاز کی تقسیم میں حکومت شامل ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب پولیس کو اپنی فرنٹ لائن فورس قراردے دیا،پولیس افسروں نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ان سے ملاقات کی ۔مریم نواز کا کہناتھاکہ کارکردگی دکھانے پر پولیس افسروں کو نمبر ملیں گے اور ٹاسک پورا نہ ہونے پر نمبر کاٹے جائیں گے ۔ انہوں نے پولیس افسروں کو ایس ایچ اوز اور دیگر افسروں کی کڑی نگرانی،محرم میں اہل تشیع علما کے گھرمیں جاکر ملاقاتیں کرنے اور مساجد میں نماز جمعہ پرملنے کا حکم دیا۔

ان کا کہناتھاکہ کمزور ایف آئی آر ملزموں کے خلاف فکس میچ کے مترادف ہے ،سپیکر پر فساد پھیلانے والی تقاریر پر عدم برداشت کی پالیسی اپنائی جائے ۔بعدازاں وزیر اعلٰی مریم نواز نے دورہ گوجرانوالہ کے دوران علاقے کیلئے میگا پراجیکٹس کا اعلان کیا ،انہوں نے گوجرانوالہ میٹرو بس پراجیکٹ اور چھوٹی بڑی سڑکوں کی تعمیر ومرمت کاحکم دیا۔ وزیر اعلیٰ نے گوجرانوالہ میں سرکاری سطح پر پہلا سٹیٹ آف آرٹ کارڈیک ہسپتال بنانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے نگار چوک سٹیڈیم کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنانے اور جلد تکمیل ، گوجرانوالہ میں پارکس ،واسا کی اپ گریڈیشن ، ڈرینز کی صفائی یقینی بنانے کا حکم دیا اورکہاگوجرانوالہ میں خواتین کی ہیلپ کے لئے پنک وہیل پراجیکٹ کے تحت پولیس سے متعلق خواتین کی شکایات پر لیڈیز پولیس پنک بائیک پر فوراً پہنچیں گی۔ مریم نواز سے کمشنر آفس میں ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقات کرکے مسائل، تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔ وزیراعلیٰ نے واہنڈو انٹر چینج پر فاریسٹ سٹیشن کا افتتاح کیا اورگوجرانوالہ ایکسپریس وے کا باقاعدہ آغاز کر دیا،انہوں نے گوجرانوالہ علی پور تا قادر آباد روڈ اورچن دا قلعہ تا عزیز کراس چوک تعمیر و بحالی کے پر اجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔وزیر اعلیٰ نے پودا لگا کر شجر کاری مہم کا باقاعدہ آغاز بھی کیا۔وہ گوجرانوالہ سے واپسی پر اچانک چلڈرن ہسپتال پہنچ گئیں، وارڈز اور میڈیسن سٹور کا معائنہ کیا ۔مریم نواز نے مریض بچوں سے اظہار شفقت کیا اور باتیں کیں ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے صوبے میں روٹی، آٹے اور آٹے سے بنی اشیا کی قیمتوں کو سختی سے برقرار رکھنے کا حکم دیتے کہاہے کہ آٹے کی قیمت میں کمی کا پورا فائدہ عوام کو منتقل کیا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں