نئی نسل کو منشیات سے بچانے کیلئے ڈرگ مافیا کیخلاف مؤثر کریک ڈاؤن کا فیصلہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرداخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے اے این ایف ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔

وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی کا ڈی جی اے این ایف میجر جنرل عبدالمعید نے خیر مقدم کیا، محسن نقوی نے اے این ایف ہیڈ کوارٹرز میں یادگار شہداء پر حاضری دی، یادگار شہداء پر پھول رکھے، فاتحہ خوانی کی اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وفاقی وزیرداخلہ کی زیر صدارت اے این ایف ہیڈ کوارٹرز میں اہم اجلاس ہوا، وزیرداخلہ نے کم وسائل و افرادی قوت کے باوجود ڈرگ مافیا کے خلاف مؤثر کارروائیوں پر اے این ایف کی کارکردگی کو سراہا، نئی نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کیلئے ڈرگ مافیا کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ سرکاری و نجی یونیورسٹیوں، کالجز اور ہاسٹلز میں منشیات کی خرید و فروخت روکنے کے لئے بھرپور کارروائی کی جائے گی، منشیات کی آن لائن خرید و فروخت روکنے کے لئے بھی پلان طلب کر لیا۔

وزیرداخلہ نے اے این ایف کو سائبر ڈرگ کنٹرول میکنزم تیار کرنے کی ہدایت کر دی، انہوں نے کہا کہ منشیات خصوصاً آئس کی لعنت نے کئی خاندان تباہ کر دیئے ہیں، منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر قابو پانے کے لئے فوری طور پر کثیرالجہتی اقدامات کرنا ہوں گے۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ اپنے بچوں کے لئے سب نے پوری قوت اور پختہ عزم سے اس لعنت کے خلاف جہاد کرنا ہے، آج ہم نے اس لعنت کے خاتمے میں اپنا حصہ ڈال دیا تو یہ بہت بڑا کار خیر ہو گا، وفاقی وزیرداخلہ نے لان میں پودا بھی لگایا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں