ٹیم میں کوئی گروپنگ نہیں، کوشش ہو گی انگلینڈ سے سیریز جیتیں: سعود شکیل
ملتان: (ویب ڈیسک) قومی ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان سعود شکیل نے کہا ہے کہ ٹیم میں کوئی گروپنگ نہیں، تمام کھلاڑیوں کی توجہ کھیل پر مرکوز ہے، کوشش ہو گی انگلینڈ سے سیریز جیتیں۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل کا کہنا تھا کہ انگلش ٹیم جارحانہ انداز میں کھیلتی ہے، اس میں غلطیاں بھی ہوتی ہیں اس لیے کوشش ہو گی کہ ان سے زیادہ غلطیاں کرائیں اور سیریز اپنے نام کریں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سیریز میں بھی ہم جیت کے بہت قریب آتے رہے ہیں، اب ہمیں اچھا فنش کرنا ہے تاکہ سیریز اپنے نام کریں، انگلینڈ کے حوالے سے زیادہ نہیں سوچتے، ہمیں اپنے پلان اور صورتحال کے مطابق کھیلنا ہے، لڑکے بہت محنت کر رہے ہیں اور ہمیں سیریز جیتنی ہے۔
پچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سعود شکیل کا کہنا تھا کہ جس طرح کی کنڈیشنز ہیں اور جس طرح پچ تیار ہو رہی ہے لگتا ہے ریورس سوئنگ ہو گی، مجھے ابھی یقین نہیں ہے پچ پر گراس ہو گی یا نہیں، اس لیے ابھی پلان کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔