ایشین چیمپئن شپ ریسلنگ کا فائنل جیتنے والے مانی پہلوان صادق آباد پہنچ گئے

صادق آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کا اعزاز، سری لنکا میں ہونے والی ایشین چیمپئن شپ ریسلنگ کا فائنل جیت کر گولڈ میڈل حاصل کرنے والے مانی پہلوان صادق آباد پہنچ گئے۔

مانی پہلوان کا آبائی شہر پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا، سری لنکا میں ہونے والی ایشین چیمپئن شپ ریسلنگ فائنل میں پاکستانی پہلوان نے بھارتی پہلوان کو مات دے کر گولڈ میڈل حاصل کر کے اپنے شہر اور پاکستان کا نام روشن کردیا۔

گولڈ میڈل حاصل کرنے والے پاکستانی عبد الرحمٰن عرف "مانی پہلوان" کا تعلق صادق آباد سے ہے، مانی پہلوان نے اس سے قبل 2020 میں نیپال میں ہونے والی ساؤتھ ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا تھا۔

مانی پہلوان نے سال 2016 میں اسلام آباد میں واپڈا کی جانب سے کھیلتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔

مانی پہلوان کا کہنا تھا کہ گولڈ میڈل جیتنے پر پاکستانی قوم کا شکر گزار ہوں دعاؤں میں یاد رکھنے کا شکریہ۔

انہوں نے کہا کہ صادق آباد کے اکھاڑے سے پہلوانی کی تربیت حاصل کی، سری لنکا میں ایشین چیمپئن شپ کھیلنے کیلئے اپنی مدد آپ کے تحت پہنچا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں