پولیس کا کچہ میں آپریشن، مزدا ڈرائیور بازیاب، ڈاکوؤں کی کمین گاہیں تباہ کر دیں
روجھان: (دنیا نیوز) پولیس نے کچہ میں انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران شاہزیب نامی مزدا ڈرائیور کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق مغوی شاہزیب کو چند دن قبل تھانہ شاہوالی کی حدود سے اغوا کیا گیا تھا، شاہزیب نامی مزدا ڈرائیور کو لدھانی گینگ اور سکھانی گینگ نے مشترکہ واردات سے اغوا کیا تھا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اغوا کار ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کا کچہ ایریا میں سرچ آپریشن جاری ہے، پولیس نے کچہ کے علاقے میں ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق اغوا کار مغوی کو ایک جگہ سے دوسری جگہ شفٹ کر رہے تھے، اطلاع پر پولیس نے آپریشن کیا، آپریشن کے دوران پولیس اور ڈاکوؤں کے مابین شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
روجھان پولیس کی پیش قدمی اور بھر پور جوابی کارروائی کی بدولت اغوا کار مغوی کو چھوڑ کر فرار ہوگئے، ڈاکوؤں کی کمین گاہوں کو مسمار کر دیا گیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے تعاقب جاری ہے، پولیس نے بکتر بند گاڑیوں، ایلیٹ کمانڈوز بھاری اسلحہ سمیت آپریشن کیا۔