لودھراں میں مبینہ پولیس مقابلہ، ریکارڈ یافتہ ملزم مارا گیا، 2 فرار
لودھراں: (دنیا نیوز) لودھراں میں مبینہ پولیس مقابلے میں ریکارڈ یافتہ ملزم مارا گیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی کہ بستی میش روڈ پر تین ملزم موٹرسائیکل پر سوار جن کے پاس اسلحہ موجود تھا واردات کی نیت سے کھڑے ہیں، اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی تو بستی لئی واہن کے قریب سے 3 ملزموں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس حکام نے مزید بتایا کہ پولیس ٹیم نے بھی حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی، فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا، ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت شہباز کے نام سے ہوئی جو 9 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا۔
پولیس حکام کے مطابق حملہ آور ملزم تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے جن کو پکڑنے کیلئے علاقے کی ناکہ بندی کرکے کارروائی شروع کر دی گئی۔