کینیا کی خاتون ایتھلیٹ نے نیا عالمی ریکارڈ بنا ڈالا
بارسلونا: (ویب ڈیسک) پیرس اولمپکس2024 میں 2 گولڈ میڈلز اپنے نام کرنے والی کینیا کی ایتھلیٹ 24 سالہ بیٹریس چیبٹ نے خواتین کی 5 ہزار میٹر کی دوڑ میں اپنا ہی ریکارڈ توڑ کر نیا عالمی ریکارڈ بنا ڈالا۔
سپین کے شہر بارسلونا میں منعقدہ کرسا ڈیلس ناموس ریس میں بیٹریس چیبٹ نے مقررہ فاصلہ 13 منٹ 54 سیکنڈز میں طے کر کے پچھلے سال اسی ریس میں قائم کیا جانے والا اپنا ہی 14 منٹ 13 سیکنڈز کا ریکارڈ توڑا دیا، وہ یہ دوڑ 14 منٹ سے کم وقت میں جیتنے والی دنیا کی پہلی خاتون ایتھلیٹ بھی بن گئیں۔
سال نو کے موقع پر شاندار کامیابی کے بعد چیبٹ نے کہا کہ میں موافق اور ساز گار موسم میں ذہنی اور جسمانی طور پر پوری طرح تیار تھی اور شاندار جیت پر بہت مسرت ہے۔
چیبٹ نے پیرس 2024 میں ٹریک پر 5 اور 10 ہزار میٹرز کی دوڑ جیت کر طلائی تمغے اپنے نام کیے تھے جبکہ مئی میں خواتین کی 10 ہزار میٹر کا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔
چیبٹ کا کہنا تھا کہ اب ان کی تمام تر توجہ ٹوکیو میں ہونے والی عالمی چیمپئن شپ میں گولڈ میڈلز جیتنے پر ہے۔