ورلڈ باؤلز چیمپئن شپس میں اسرائیلی کھلاڑیوں کی شمولیت پر پابندی عائد
لندن: (ویب ڈیسک) انگلینڈ میں شیڈول ورلڈ انڈور باؤلز چیمپئن شپس میں اسرائیل کے کھلاڑیوں کی شرکت پر پابندی عائد کردی گئی۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ورلڈ باؤلز ٹور نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اگست میں سکاٹش انٹرنیشنل اوپن میں اسرائیلی کھلاڑیوں کی شرکت پر سیاسی حوالوں سے کشیدگی پھیل گئی تھی۔
بیان میں کہا گیا کہ صورت حال کی نوعیت کا ادراک کرتے ہوئے ورلڈ باؤلز ٹور بورڈ نے ٹورنامنٹ کے منتظمین اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے بعد یہ مشکل فیصلہ کیا کہ اسرائیل کو آنے والے ورلڈ انڈور چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے دیا گیا دعوت نامہ واپس لیا جائے۔
ورلڈ باؤلز ٹور نے کہا کہ یہ ایک ایسا کھیل ہے جو ہمیشہ لوگوں کو متحد کرنے کا محرک رہا ہے اور اس فیصلے کا مقصد چیمپئن شپس کی حفاظت کرنے اور یہ یقینی بنانا ہے کہ اس میں حصہ لینے والے تمام افراد کے لیے ٹورنامنٹ بلا روک ٹوک جاری رہے۔
دوسری جانب برطانیہ میں یہودیوں کی تنظیم نے تنقید کرتے ہوئے اس فیصلے کو اسرائیلی کھلاڑیوں کے خلاف امتیازی اقدام سے تعبیر کیا کیونکہ انہیں صرف ان کی شناخت کی بنیاد پر ٹورنامنٹ سے محروم کر دیا گیا ہے۔