راولپنڈی: خالہ زاد بھائی کو قتل کرکے لاش تلف کرنے والا درندہ صفت ملزم گرفتار

راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی تھانہ سٹی پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے اپنے خالہ زاد بھائی کو قتل کرنے والے درندہ صفت ملزم کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان پولیس نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں ملزم مہر علی نے اپنے خالہ زاد محسن کو فون کر کے اپنے گھر بلوایا اور فائرنگ کر کے قتل کر دیا، قتل کے بعد درندہ صفت ملزم نے شواہد چھپانے کے لئے انتہائی سفاکیت سے نعش کو تلف کردیا، مقتول کے لاپتہ ہونے پر تھانہ سٹی میں اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایات پر اغوا کے مقدمہ کی تفتیش ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی زیرنگرانی ڈی ایس پی اظہر حسن شاہ اور ٹیم کر رہی تھی، پولیس نے تمام تر ٹیکنیِکل ذرائع اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔

ملزم نے نہ صرف اپنے خالہ زاد بھائی کو قتل کرنے کا اعتراف کیا بلکہ نعش کو بیدردی سے تلف کرنے کا بھی اعتراف کیا، ملزم نے یہ بھی اعتراف کیا کہ اس نے پیسوں کے لالچ میں اپنے خالہ زاد کو قتل کیا ہے، ملزم کی نشاندہی پر جائے وقوعہ سے فرانزک شواہد حاصل کئے گئے ہیں۔

ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کر کے سفاکانہ واردات پر قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی، ملزم اپنے جرم کو چھپانے کی جتنی بھی کوشش کرلے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں