دو طرفہ محبت ہوجانے پر شادی کرلینی چاہیے: میرب علی

لاہور: (دنیا نیوز) ماڈل و اداکارہ میرب علی نے کہا ہے کہ وہ یک طرفہ محبت پر یقین رکھتی ہیں نہ کبھی انہیں ایسی محبت ہوئی ہے البتہ جب کوئی دو افراد دو طرفہ محبت میں مبتلا ہوجائیں تو انہیں فوراً شادی کرلینی چاہیے۔

میرب علی حال ہی میں دنیا نیوز کے پروگرام ’مذاق رات‘ میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

پروگرام کے دوران انہوں نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل انہوں نے اپنے گھر میں جنات کی موجودگی سے متعلق جو ویڈیو بنائی تھی وہ حقیقی تھی، ان کے گھر میں واقعی جنات یا نظر نہ آنے والی مخلوقات کا سایہ ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کی ویڈیو وائرل ہو گئی اور اب ان کا وہ گھر فروخت نہیں ہو رہا، کوئی ان کے گھر کو خریدنے کے لیے تیار ہی نہیں لیکن انہوں نے جو باتیں کیں وہ سچی تھیں۔

ایک سوال کے جواب میں میرب علی نے بتایا کہ انہوں نے کم عمری میں گلوکار سجاد علی کے گانے میں ماڈلنگ سے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ بچپن میں انہیں ٹائیفائیڈ ہو گیا تھا وہ جس لیڈی ڈاکٹر سے صبح و شام ڈرپس لگواتی تھیں انہوں نے انہیں سجاد علی کے گانے کی ویڈیو کے لیے آڈیشن دینے کا کہا اور انہیں وہاں ویڈیو بنا کر بھیجنے کی ہدایت کی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ اس وقت ان کی عمر 15 یا 16 برس تھی اور انہوں نے نہ چاہتے ہوئے بھی اپنی ویڈیو بنا کر بھیج دی جس پر ان کا انتخاب ہوگیا اور پھر آڈیشن کے بعد انہیں منتخب کر لیا گیا۔

میرب علی کے مطابق وہ کئی سال تک ماڈلنگ کرتی رہیں پھر ان کی ماڈلنگ اور انسٹا گرام ویڈیوز پروڈیوسر ثنا شاہنواز نے دیکھیں تو ان سے ڈرامے ’صنف آہن‘ کے لیے رابطہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’صنف آہن‘ ان کا پہلا ڈرامہ تھا جس میں انہوں نے پختون لڑکی کا کردار ادا کیا تھا، مذکورہ ڈرامے کے بعد انہوں نے اداکاری بھی شروع کردی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ حال ہی میں ان کا ڈرامہ ’فرار‘ کافی پسند کیا جا رہا ہے اور مذکورہ ڈرامے میں بھی انہوں نے پختون لڑکی کا کردار ادا کیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ انہیں ایکشن اور تھرلر فلم میں کام کی پیشکش ہو۔

محبت اور شادی کے معاملے پر بات کرتے ہوئے میرب علی نے بتایا کہ وہ یک طرفہ محبت پر یقین نہیں رکھتیں، ایسی محبت کرنی ہی نہیں چاہیے، ایسی محبت کا کیا فائدہ جو عزت نہ دے۔

ان کا کہنا تھا کہ دو طرفہ محبت اچھی ہوتی ہے اور جب بھی کسی کو ایسی محبت ہوجائے تو ایسے افراد کو فوری طور پر شادی کرلینی چاہیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں