سپر سٹار الو ارجن کو بھگدڑ کیس میں ضمانت مل گئی
ممبئی: (ویب ڈیسک) تامل اور تیلگو فلم انڈسٹری کے سپر سٹار الو ارجن کو ’پشپا 2‘ کے بھگدڑ کیس میں مشروط ضمانت مل گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حیدرآباد دکن کی مقامی عدالت میں سندھیا تھیٹر بھگدڑ کیس کی سماعت ہوئی جہاں عدالت نے الو ارجن کی چند شرائط کے ساتھ ضمانت قبول کر لی۔
اداکار کے وکیل کے مطابق عدالت نے الو ارجن اور پولیس کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا، ان کے موکل کو دو مقدمات میں 50،50 ہزار کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے اور ہر اتوار پولیس سٹیشن میں حاضری دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔
وکیل نے مزید کہا کہ عدالت نے غور و فکر کے بعد یہ ضمانت دی ہے کیونکہ معاملہ قتل کا نہیں ہے اور عدالت کی جانب سے عائد کردہ شرائط عام نوعیت کی ہیں جو ہر ملزم کے لیے ہوتی ہیں۔
اس کے علاوہ وکیل نے بتایا کہ یہ معاملہ تلنگانہ ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت ہے اور اگلی سماعت 21 جنوری کو ہو گی جس کے لیے قانونی کارروائی جاری رہے گی۔
یاد رہے کہ الو ارجن کے خلاف 4 دسمبر کو پشپا 2 کے پریمیئر کے دوران بھگدڑ میں ایک خاتون کی موت واقع ہونے پر مقدمہ درج کیا گیا اور انہیں پولیس نے حراست میں لے لیا تھا۔