ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.26 فیصد کمی ریکارڈ
کراچی: (دنیا نیوز) ملک میں مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافے کے بعد حالیہ ہفتے 0.26 فیصد کمی واقع ہوگئی۔
سالانہ بنیادوں پرمہنگائی کی شرح 5.08 فیصد سے کم ہوکر3.97 فیصد ہوگئی، حالیہ ہفتے میں 18 اشیاء مہنگی اور 10 اشیاء سستی ہوئیں جبکہ 23 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جمعہ کو مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران ملک میں مہنگائی سے سب سے زیادہ متاثر 44 ہزار 176 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والا طبقہ متاثر ہوا اس طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں 4.15 فیصد اضافہ ہوا۔
حالیہ ہفتے کے دوران پیاز کی قیمت میں 4.93 فیصد، چکن کی قیمتوں میں 10.28 فیصد، چینی کی قیمت میں 0.95 فیصد، گڑ کی قیمتوں میں 0.58 فیصد، کیلے کی قیمتوں میں 1.68 فیصد، دال مونگ کی قیمتوں میں 1.08 فیصد، ڈیزل کی قیمتوں میں 1.18 فیصد، پٹرول کی قیمتوں میں0.21 فیصد، جلانے والی لکڑی کی قیمتوں میں 0.55 فیصد اورگھی کی قیمتوں میں0.28 فیصد اضافہ ہوا۔
دال چنا کی قیمتوں میں 0.34 فیصد، دال ماش کی قیمتوں میں0.05 فیصد، ٹماٹر کی قیمتوں میں 13.48 فیصد، آلو کی قیمتوں میں 5.59 فیصد، انڈوں کی قیمتوں میں 0.23، ایل پی جی کی قیمتوں میں 0.18 فیصد، بجلی کی قیمتوں میں 7.48 فیصد، لہسن کی قیمتوں میں 0.21 فیصد اور آٹے کی قیمتوں میں 0.09 فیصد کمی واقع ہوئی۔