ایف آئی اے کی کارروائی، بدنام زمانہ انسانی سمگلر سمیت 6 ملزم گرفتار
گوجرانوالہ: (فہد بشیر) ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے کارروائی کرتے ہوئے لیبیا کشتی حادثے میں بدنام زمانہ انسانی سمگلر سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزموں کو گوجرانوالہ اور گجرات کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا، انتہائی مطلوب ملزم کی شناخت خرم شہزاد کے نام سے ہوئی، دیگر ملزموں میں راجہ قدوس، عبدالنقاش، محمد عرفان، داؤد اور عثمان شبیر شامل ہیں۔
ایف آئی اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ملزم خرم شہزاد کا نام انتہائی مطلوب انسانی سمگلرز میں بھی شامل ہے، ملزم نے کمسن بچے کو کشتی کے ذریعے یورپ بھجوانے کیلئے 10 لاکھ روپے بٹورے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم کی گرفتاری کیلئے متعدد بار چھاپے مارے گئے، ملزم عبدالنقاش شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر بھاری رقوم بٹورنے میں ملوث ہے، گرفتار انسانی سمگلر محمد عرفان نے متعدد شہریوں کو دبئی ملازمت کا جھانسہ دے کے 22 لاکھ روپے بٹورے۔
اسی طرح ملزم داؤد نے شہری کو البانیہ ملازمت کا جھانسہ دے کر 2 لاکھ 90 ہزار بٹورے، ملزم عثمان صابر عمرے کے نام پر شہریوں سے بھاری رقوم ہتھیانے میں ملوث ہے، ملزم نے 3 شہریوں سے مجموعی طور پر 6 لاکھ 75 ہزار روپے ہتھیائے۔
ترجمان ایف آئی اے نے مزید بتایا ہے کہ گرفتار ملزمان متاثرین کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے، دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔