کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کا تیسرا روز، پاکستان کے 3 وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز مکمل
کیپ ٹاؤن: (دنیا نیوز) جنوبی افریقا کیخلاف دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے۔
بابر اعظم نے 31 اور محمد رضوان نے 9 رنز کے ساتھ تیسرے دن کے کھیل کا آغاز کیا۔
پاکستان کی اننگز
جنوبی افریقا کے 615 رنز کے جواب میں قومی ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا، کپتان شان مسعود 2 رنز بنا کر کگیسو ربادا کی گیند پر آؤٹ ہوئے جبکہ 12 رنز بنا کر کامران غلام مارکو یانسین کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
قومی ٹیم کے تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز سعود شکیل تھے جو بغیر کوئی رن بنائے 20 کے مجموعے پر کگیسو ربادا کا شکار بنے تھے۔
دوسرے دن جنوبی افریقا پہلی اننگز میں 615 رنز پر آؤٹ ہوگئی، ریان ریکلٹن نے ڈبل سنچری بنائی، ٹمبا باووما اور کائل ویریانے نے سنچریاں بنائیں۔
جنوبی افریقا کی اننگز
جنوبی افریقا نے کیپ ٹاؤن میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کا دوبارہ آغاز 4 وکٹ کے نقصان پر 316 رنز سے کیا تاہم کچھ ہی دیر بعد میزبان ٹیم کی پانچویں وکٹ 323 رنز پر گر گئی، ڈیوڈ بیڈنگھم 5 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
بعدازاں پہلے ہی سیشن میں ریان ریکلٹن نے 266 گیندوں پر ڈبل سنچری مکمل کی، ریان ریکلٹن اور کائل ویریانے کے درمیان چھٹی وکٹ پر 148 رنز کی پارٹنرشپ بنی، ویریانے 100 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ساتویں وکٹ پر ریکلٹن نے مارکو یانسین کے ہمراہ 86 رنز کی پارٹنرشپ بنائی تاہم 557 کے مجموعے پر ریکلٹن 259 رنز کی میراتھون اننگز کھیل کر پویلین لوٹے، انہیں میر حمزہ نے کیچ آؤٹ کروایا۔
جنوبی افریقا کے آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مارکو یانسین تھے، انہوں نے 54 گیندوں پر 62 رنز بنائے جبکہ اختتامی لمحات میں کیشو مہارات نے 40 رنز کے ساتھ اپنا حصہ ڈال کر اپنی ٹیم کو 600 کا ہندسہ عبور کروایا جبکہ جنوبی افریقی ٹیم 615 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے محمد عباس اور سلمان علی آغا نے 3،3 جبکہ میر حمزہ اور خرم شہزاد نے 2،2 وکٹیں لیں۔