ایف آئی اے کا افغان کیمپوں پر چھاپہ، انسانی سمگلنگ میں ملوث 2 ملزمان گرفتار

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے ) نے کوہاٹ میں واقع مختلف افغان کیمپوں پر چھاپے کے دوران انسانی سمگلنگ میں ملوث 2 افغان ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کے بذریعہ سمندر شہریوں کو غیر قانونی یورپ بھجوانے میں ملوث عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن جاری ہیں۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے کوہاٹ زون نے ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر کی ہدایات پر انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 2 افغان لینڈ روٹ ایجنٹس کو گرفتار کر لیا۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان کی شناخت رحیم اللہ اور عبدالرحمان کے نام سے ہوئی، کارروائی کوہاٹ میں واقع افغان ریفیوجی کیمپس میں کی گئی، ملزمان سادہ لوح شہریوں کو سمندر کے راستے ایران اور ترکی سے یونان بھجوانے میں ملوث تھے۔

ایف آئی اے ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان کے موبائل فون سے انسانی سمگلنگ سے متعلق اہم شواہد ملے ہیں، ملزم رحیم اللہ کی نشاندہی پر ہی مرکزی ملزم عبد الرحمان کو گرفتار کیا گیا۔

حکام نے مزید بتایا ہے کہ گرفتار ملزمان کا تعلق افغانستان سے ہے، ملزمان کیخلاف تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔  

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں