امریکا : ہجوم پر گاڑی چڑھانے کا واقعہ، ہلاکتیں 15 ہوگئیں، ڈرائیور داعش کا رکن نکلا
نیواورلینز: (دنیا نیوز) امریکا کے شہر نیواورلینز میں گاڑی ہجوم پر چڑھانے کے واقعے میں مرنے والوں کی تعداد 15 ہوگئی جبکہ ڈرائیور دہشتگرد جماعت داعش کا رکن نکلا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گاڑی سے کچل کر 15 افراد کو ہلاک کرنے والے شخص کی شناخت شمس الدین جبار کے نام سے ہوئی ہے، ڈرائیور امریکا میں پیدا ہوا تھا اور فوج میں ملازم رہ چکا تھا، ملزم کی گاڑی سے داعش کا جھنڈا برآمد ہوا ہے۔
ایف بی آئی نے واقعہ کو اب دہشت گردی قرار دیتے ہوئے بتایا کہ ملزم ٹیکساس میں پلا بڑھا تھا، شمالی کیرولائنا میں بھی مقیم رہا، واقعہ کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔
یاد رہے کہ یکم جنوری کی صبح امریکی شہر نیو اورلینز میں گاڑی لوگوں پر چڑھ گئی جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔